پریذیڈنٹ ٹرافی: غنی گلاس اور ایس این جی پی ایل کی کامیابی

پریذیڈنٹ ٹرافی: غنی گلاس اور ایس این جی پی ایل کی کامیابی

محمد رمیز کی میچ میں 10 وکٹیں، کامران غلام کی سنچری، اظہرعلی کے 93 ناٹ آؤٹ

کراچی 6 جنوری، 2024:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں غنی گلاس نے ہائر ایجوکیشن کو 161 رنز سے شکست دیدی جبکہ ایس این جی پی ایل نے کے آر ایل کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
آج کے کھیل کی خاص بات غنی گلاس کے محمد رمیز کی میچ میں دس وکٹیں اور ایس این جی پی ایل کے کامران غلام کی سنچری اور اظہرعلی کے 93 رنز ناٹ آؤٹ تھے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کو غنی گلاس کے خلاف جیتنے کے لیے 479 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم میچ کے تیسرے دن اس نے 276 رنز بنائے تھے اور اس کی چھ وکٹیں گرچکی تھیں اور اسےجیتنے کے لیے مزید 203 رنز درکار تھے اور اس کی 4 وکٹیں باقی تھیں۔

آج میچ کے آخری دن ہائر ایجوکیشن کی ٹیم صرف 41 رنز کا اضافہ کرکے 317 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
عدیل میو اپنے گزشتہ روز کے اسکور 75 میں اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

لیگ اسپنر محمد رمیز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے81 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ پہلی اننگز میں بھی انہوں نے 60 رنز دے کر 5 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل کو کے آر ایل کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 232 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کامران غلام نے گیارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
اظہرعلی نے پہلی اننگز میں 140رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 93 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

کامران غلام اور اظہرعلی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 185 رنز کا اضافہ کیا۔
اس سے قبل کے آر ایل کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

مبصرخان نے35 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عارف یعقوب نے بھی 4 کھلاڑیوں کو 108 رنز دے کر آؤٹ کیا۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کا پانچواں راؤنڈ 9 جنوری سے شروع ہوگا۔
پی ٹی وی کا مقابلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ایس این جی پی ایل اور واپڈا کی ٹیمیں یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں مدمقابل ہونگی۔
کے آر ایل اور اسٹیٹ بینک کا میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 

error: Content is protected !!