ثانیہ مرزا نے اسپورٹس اسٹار ایسز انسپائریشنل آئیکون ایوارڈ اپنے نام کرلیا

عالمی شہرت یافتہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اسپورٹس اسٹار ایسز انسپائریشنل آئیکون ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔گزشتہ ماہ ریٹائر ہونے والی ثانیہ مرزا نے اپنے 20 سالہ ٹینس کیریئر میں اپنی شاندار صلاحیتوں اور ناقابل یقین کامیابیوں کے ذریعے عالمی سطح پر ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا۔

 

 

 

ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی چند نئی تصاویر اور ایک ویڈیو شیئر کی ہیں۔وہ ان تصاویر میں ممبئی میں منعقد کی گئی ایوارڈز کی ایک تقریب میں سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر سیاسپورٹس اسٹار ایسز انسپائریشنل آئیکون ایوارڈ وصول کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں ایوارڈز کی تقریب کے منتظمین اور اس تقریب میں موجود تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔اس پوسٹ میں شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایوارڈز کی تقریب میں ثانیہ مرزا کے 20 سالہ ٹینس کیریئر سے کچھ یاد گار جھلکیاں دکھا کر انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔

 

 

 

ثانیہ مرزا نے یہ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ اس 20 سال کے طویل سفر کے دوران ہر کوئی اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ رہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اچھی چیزیں بھی ہمیشہ کے لیے زندگی میں نہیں رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ میں اپنے ملک، اپنی فیملی اور اپنے لیے کھیلنے کے قابل بنی۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے اس نئے دور کے آغاز پر اس ایوارڈ سے بہتر کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا تھا اور اسے سنیل گواسکر کے ہاتھ سے وصول کرنا بھی اعزاز کی بات ہے۔

error: Content is protected !!