اذان اویس کا ٹمپرامنٹ انڈر 19 ورلڈ کپ میں اہم ہوگا.

اذان اویس کا ٹمپرامنٹ انڈر 19 ورلڈ کپ میں اہم ہوگا

لاہور 13 جنوری، 2024:ء

اذان اویس بلا شبہ سیالکوٹ کے دلچسپ کرکٹ ٹیلنٹ سلسلے کی تازہ ترین مثال ہیں۔ وہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے پہلے انڈر 19 ورلڈ کپ میں قابل ذکر کارکردگی دینے کے لیے بالکل تیار ہیں اور وہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی ہوں گے۔

اذان نے حال ہی میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے چار میچوں میں 222 رنز بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ خود ان کے لیے سب سے یادگار لمحہ بھارت کے خلاف سنچری تھی جس میں دلیری اور پختگی جھلک رہی تھی۔

اذان اویس اپنے سفر کے بارے میں پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں میں صرف آٹھ سال کا تھا جب میں نے کرکٹ شروع کی میرے والد مجھے تربیت کے لیے اکیڈمی لے گئے۔

مجھے اپنی پڑھائی کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے کھیل چھوڑنا پڑا لیکن سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد میری کھیلنے کی تڑپ پھر سے جاگ اٹھی۔ میرے والد نے میرے لیے بہت قربانیاں دی ہیں کیونکہ انہوں نے وقت اور توجہ دی اور میری بہت مدد کی۔

اذان نے سیالکوٹ انڈر 13 کی طرف سے انٹر ریجنل ٹورنامنٹ 2017 کھیلا اور 2018 میں اسی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پرسامنے آئے۔ انڈر 16 کی سطح تک انہیں کافی کامیابی ملی

کیونکہ وہ 2019 میں قومی انڈر 16 ٹورنامنٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ اس ٹورنامنٹ کے اگلے ایڈیشن میں وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں تیسرے نمبر پر رہے۔

اذان نے پاکستان انڈر 19 کے لیے نو ون ڈے گیمز کھیلے ہیں اور اسی تجربے کی بنیاد پر وہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں کھیلیں گے یہ تجربہ انہیں بنگلہ دیش، پاکستان، آسٹریلیا اور یو اے ای میں کھیل کر حاصل ہوا ہے۔

وہ پاکستان شاہینز ٹیم کا حصہ تھے جس نے گزشتہ سال آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش انڈر 19 کے خلاف ون ڈے سیریز میں وہ پانچ اننگز میں 269 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔

اذان نے کہا: "میں بائیں ہاتھ کے بیٹر کے طور پر الیسٹر کک اور سعید انور کو فالو کرتا ہوں۔ کک رن مشین تھے اور وہ میراتھون اننگز کھیلتے تھے جبکہ سعید بھائی دلکش اسٹروک کھیلتے تھے۔

پاکستان انڈر19 ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کوچز نے ہمیں جنوبی افریقہ کی وکٹوں میں باؤنس کے بارے میں بتایا اور کیمپ کے دوران ہمیں اسی طرح کے حالات میں تربیت دلائی۔

ہم نے سناریو میچ کھیلے ہیں۔ کچھ نیٹ سیشن بھی رہے، ہم ایک متحد ٹیم ہیں اور پاکستان کے لیے ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

 

error: Content is protected !!