پاکستان ہاکی پر پابندی لگنے کا امکان؟ وزیراعظم سے فوری ایکشن کا مطالبہ

پاکستان ہاکی کے سابق اولمپینز کی جانب  شہباز شریف سے ہاکی کے معاملے پر فوری ایکشن لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیدیم میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سربراہان سمیت اولمپینز نے پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ ایف آئی ایچ ان کی فیڈریشن کو تسلیم کرتی ہے، دوسری کسی فیڈریشن کو نہیں مانتی۔

پاکستان میں ہاکی کی 2، 2 فیڈریشن کے قیام پر سابق اولمپئنز نے وزیر اعظم شہباز شریف سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق اولمپئن کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ اگر معاملہ حل نہ کیا گیا تو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پاکستان پر دس سال کی پابندی بھی لگا سکتی ہے۔ سابق اولمپئن حنیف خان نے کہا کہ اگر یہ ہی صورتحال مسلسل 6،7 ماہ برقرار رہی تو والدین بچوں کو ہاکی گراؤنڈ بھیجنا چھوڑ دیں گے ۔

انہوں نے اپیل کی کہ وزیراعظم فوری طور پراس معاملے کو دیکھیں اور ہاکی کے معاملات درست سمت لے جانے میں رہنمائی کریں۔

اس موقع پر اولمپینز کلیم اللّٰہ، حنیف خان، وسیم فیروز اور ناصر علی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ ہاکی کے معاملے پر فوری ایکشن لیں ورنہ پاکستان ہاکی پر 10 سے 12 سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اپریل سے اسلام آباد میں لگے گا۔ 44 کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بلایا جارہا ہے، اعلان ایک سے دو روز میں ہوگا۔

error: Content is protected !!