اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ:قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ:قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

ہفتہ کو صبح و شام بھر پور ٹریننگ،پریکٹس میچ بھی کھیلاگیا،مختلف ڈرلز کروائی گئیں

سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔

کیمپ میں ہفتہ کو صبح و شام کے اوقات میں بھر پور سیشنز کئے گئے۔صبح کے اوقات میں فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ فارورڈز اور ڈیفینڈرز کو اٹیکنگ اور ڈیفننس کی ڈرلز کروائی گئیں

جبکہ گول کیپرز کے ساتھ بھی ان کی اسکلز بہتر سے بہترین بنانے کے لئے کام کیا گیا۔شام کے سیشن میں پریکٹس میچ کھیلا گیا جس میں کیمپ میں شریک تمام 36کھلاڑیوں کو بھر پور موقع دیا گیا۔

میچ کے دوران اٹیک کے بعد کاؤنٹر اٹیک میں دفاع کی موثر حکمت عملی اپنانے کی مشقیں بھی کی گئیں۔ہیڈ کوچ اولمپئن ایاز محمودنے خاص طور پرنئے اورابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر زیادہ فوکس رکھا

جبکہ کوچز اولمپئن ریحان بٹ اور اولمپئن وسیم فیروز نے پریکٹس میچ کے دوران کھلاڑیوں کی بغور مانیٹرنگ کی اور انہیں ساتھ ساتھ ہدایات بھی دیتے رہے۔

پریکٹس میچ کے موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین،سلیکشن کمیٹی کے اراکین،گلفراز خان،خالد جونیئر،کرنل (ر) اعظم،اعجاز الدین،ایم سلمان،خالد کھوکھرانٹر نیشنل،انور فاروقی،محسن علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

واضح رہے سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ چار مئی سے ملایشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا قومی ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ چار مئی کو ہی میزبان ملائشیا کے خلاف کھیلے گی۔

error: Content is protected !!