کراچی میں جاری نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے دن کا کھیل مکمل ہوگیا۔
راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی میں 10 اوورز میں 3 وکٹ پر 58 رنز کے اوور نائٹ سکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے خیبر پختونخوا انڈر 19 بلیوز نے 36 اوورز میں چار وکٹوں پر 170 رنز بنالیے ہیں ۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز محمد فاروق نے 110 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 111 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ بلوچستان انڈر 19 بلیوز کی جانب سے عدنان اقبال نے 46 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں، اپنی پہلی اننگز میں ، ناردرن انڈر 19 بلیوز نے 43.4 اوورز میں چھ وکٹ پر 120 رنز بنالیے تھے جب بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا ۔ محمد آفتاب نے 79 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز کے بلال احمد اور کاشف فرید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ انڈر 19 بلیوز نے سنٹرل پنجاب انڈر 19 بلیوز کے خلاف 30 اوورز میں دو وکٹ پر 125 رنز بنالیے ہیں ۔ افنان خان 50 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جس میں دو چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے۔
ایچ پی سی گراؤنڈ میں، سات وکٹ پر 94 کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے، سندھ انڈر 19 وائٹس نے سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس کے خلاف 60.1 اوورز میں 9 وکٹوں پر 144 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سید طیب حسین نے ناقابل شکست 52 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس کی جانب سے حسن علی جونیئر اور منیب واصف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
گروپ کے بقیہ دو میچوں کا کھیل بارش کی وجہ سے آج نہیں ہو سکا۔