وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے نوٹیفکیشن کے اجراء کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے خیرمقدم کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری پیغام میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کو کھیلوں کی ترویج و ترقی کے لئے احسن اقدام قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی وقت کی اہم ضرورت تھی۔ وزیراظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کا یہ اقدام سپورٹس کی ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے روشن مستقبل اور بطور پروفیشنل سپورٹس مین ملازمتوں کے موقع فراہم ہونگے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے فیصلہ نے کھلاڑیوں کے دل جیت لئے۔ ملک بھر کے پروفیشنل کھلاڑی بے یارومددگار تھے اور انکا کوئی پرسان حال نہ تھا ایسے وقت میں وزیراظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کے نوٹیفکیشن کا اجراء نہ صرف انکے معاشی مسائل کا بہترین حل ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے روشن مستقبل کی نوید ہے۔