قائداعظم ٹرافی کا آغاز۔ محمد عثمان کے99 اور خرم منظور کے87 رنز
پاکستان کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 24-2023 قائداعظم ٹرافی کے ساتھ شروع ہوگیا جس میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں۔
اتوار کے روز سے چار میچوں کا آغاز ہوا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے فاٹا کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ دی جس نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر ستاون اوورز میں پانچ وکٹوں پر196 رنز بنائے تھے۔فاٹا کی اننگز کی خاص بات محمد عثمان اور خوشدل شاہ کی عمدہ بیٹنگ تھی۔ محمد عثمان نے پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 99رنز اسکور کیے۔ خوشدل شاہ نے64 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
ایبٹ آباد میں پشاور ریجن اور کراچی ریجن کے میچ کے پہلے دن پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی کو بیٹنگ دی جس نے چھ وکٹوں پر267 رنز بنائے تھے۔ خرم منظور نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے87 رنز اسکور کیے۔ اسد شفیق نے70 رنز بنائے جس میں نو چوکے شامل تھے۔ کپتان سرفراز احمد 28 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پشاور کی طرف سے محمد الیاس نے61 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور وائٹس اور لاہور بلوز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کا ٹاس لاہور وائٹس نے جیتا اور لاہور بلوز کو بیٹنگ دی جس نے سات وکٹوں پر 247 رنز بنائے تھے جس میں حسین طلعت اور جنید علی کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔ حسین طلعت 61رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جنید علی 51 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان ریجن نے فیصل آباد ریجن کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 43 اوورز کے کھیل میں 145رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ زین عباس نے سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔