پہلا چار روزہ میچ : پاکستان شاہینز سری لنکا اے کے خلاف 258 رنز پر آؤٹ

پہلا چار روزہ میچ : پاکستان شاہینز سری لنکا اے کے خلاف 258 رنز پر آؤٹ

, علی زریاب، حسین طلعت اور روحیل نذیر کی نصف سنچریاں

سری لنکا اے کے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 77 رنز۔

————(اصغر علی مبارک)———

راولپنڈی ; پاکستان شاہینز ، سری لنکا اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 258 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں علی زریاب، حسین طلعت اور روحیل نذیر کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔

اس طرح شاہینز کو مہمان ٹیم پر پہلی اننگز کی 143 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ سری لنکا اے نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 77 رنز بنائے تھے۔ شاہینز کو اب بھی 66 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شاہینز نے 66 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی تاہم 90 کے مجموعی اسکور پر وشوا فرنینڈو نے لگاتار گیندوں پر محمد سلیمان اور حیدر علی کو آؤٹ کردیا۔

محمد سلیمان نے 4 چوکوں کی مدد سے 24 رنز اسکور کیے۔ حیدرعلی کوئی رن نہ بناسکے۔ شاہینز کی پانچویں وکٹ 132 رنز کے اسکور پر گری جب علی زریاب 5 چوکوں کی مدد سے55 رنز بناکر وجے سندرا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

حسین طلعت اور روحیل نذیر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز کا اضافہ کیا۔یہ پارٹنرشپ نسالا تھراکا نے حسین طلعت کو آؤٹ کرکے ختم کی جنہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔

روحیل نذیرپانچ چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیل کر وجے سندرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر وشوا فرنینڈو نے 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وجے سندرا اور نسالا تھراکا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا اے نے دوسری اننگز شروع کی تو اسے پہلے ہی اوور میں اوشادا فرنینڈو کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے خرم شہزاد کی گیند پر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

نپون دھنن جایا اور اہان وکرما سنگھے اسکور کو 77 تک لے گئے۔ وکرما سنگھے 4 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ دھن جایا 2 چوکوں کی مدد سے 23 رنز پر کریز پر موجود ہیں

تعارف: News Editor