کرکٹ

آئی سی سی ویمنز رینکنگ جاری، پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں ترقی

دبئی:  آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 میں شاندار کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو تازہ ترین آئی سی سی ویمنز ٹی 20 پلیئر رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔

پاکستان کی سپنر ناشرہ سندھو باؤلنگ رینکنگ میں دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئی ہیں۔ ناشرہ نے پاکستان کے چار گروپ میچز میں 13.66 کی اوسط سے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے 701 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، ٹاپ پر موجود بھارتی سپنر شری چرانی کے 803 پوائنٹس ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود دیپتی شرما کے 748 پوائنٹس ہیں۔

دیگر باؤلرز میں سری لنکا کی کویشا دلہاری نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک آٹھ وکٹیں لینے کے بعد چار درجے ترقی کر کے 16 ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے، جس میں آئرلینڈ اور یو اے ای کے خلاف تین، تین وکٹیں بھی شامل ہیں۔ ان کی ساتھی سوگندیکا کماری بھی چار درجے اوپر آ کر 21 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔

سکاٹ لینڈ کی کپتان کیتھرین برائس باؤلنگ رینکنگ میں 16 درجے ترقی کر کے کیریئر بیسٹ 11 ویں نمبر پر آ گئی ہیں جبکہ ان کی ساتھی کیتھرین فریزر 9 درجے اوپر آ کر 24 ویں نمبر پر ہیں۔ برائس آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھی تین درجے ترقی کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں آئرلینڈ کی کپتان گیبی لیوس پانچ درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔ انہوں نے میزبان یو اے ای کے خلاف 71 اور پی این جی کے خلاف 60 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی بیٹر عائشہ ظفر نے بیٹرز میں سب سے بڑی چھلانگ لگائی، تھائی لینڈ کے خلاف ناقابل شکست 59 اور زمبابوے کے خلاف 42 رنز بنا کر 15 درجے ترقی کے ساتھ 30 ویں نمبر پر آ گئی ہیں، یہ ان کی کیریئر بیسٹ 543 ریٹنگ بھی ہے۔ کپتان منیبہ علی تین درجے اوپر آ کر 34 ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔

سری لنکا کی وشمی گونارتنے نے ٹورنامنٹ میں 216 رنز بنا کر بیٹنگ رینکنگ میں 32 درجے ترقی کے ساتھ 61 ویں نمبر پر جگہ بنائی۔ یو اے ای کی کپتان ایشا اوزا تین میچز میں 157 رنز بنا کر دو درجے اوپر 37 ویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب زمبابوے کی کرسٹین موتاسا نے تھائی لینڈ کے خلاف صرف 10 رنز دے کر 6 وکٹیں لے کر قومی ریکارڈ قائم کیا اور باؤلنگ رینکنگ میں 300 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر 149 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔

Related Articles


Back to top button