محسن نقوی کے ویژن سے گراس روٹ کرکٹ میں انقلاب آ رہا ہے، کامران اکمل
سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کی پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ پروگرام "سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" میں شرکت کی۔
پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولیات اور بہتری دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں یہ کام آٹھ سے دس سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔
کامران اکمل نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کی بہتری کے لیے بھرپور وسائل اور تعاون فراہم کیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے عاقب جاوید کو کرکٹ کی بہتری کے لیے مکمل اختیارات دیے ہیں اور گراس روٹ کرکٹ کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو یقینی بنایا ہے۔
سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کرکٹ کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کراچی اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں ہائی پرفارمنس سینٹرز کا قیام خوش آئند ہے۔
نوجوان کھلاڑیوں کو سال بھر کرکٹ کی تربیت اور تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملنا بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے اور سکول کرکٹ کا دائرہ ہر سال وسیع ہونا خوش آئند پیش رفت ہے۔
نوجوان ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے ملک میں کلب کرکٹ کو دوبارہ مضبوط بنانا ہوگا۔
کامران اکمل نے کہا کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کی شرط ایک خوش آئند فیصلہ ہے کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ سے کھلاڑیوں کی فٹنس، مہارت اور ذہنی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔
ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستان میں باؤنس اور گھاس والی پچز کا استعمال بھی خوش آئند ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ہے۔