ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ; سری لنکا کی 8 وکٹوں سے شاندار فتح، بھارت کا فائنل کا خواب چکنا چور
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز سیمی فائنل، سری لنکا نے بھارت کو عبرتناک شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا
دوحہ: اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی اور بھارت کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ یہ میچ جمعرات کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دوحہ میں کھیلا گیا۔
بھارت اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 317 رنز بنائے۔ ابھیشیک شرما نے 78، کپتان تلک ورما نے 53 اور شاہباز احمد نے ناقابل شکست 54 رنز بنائے، جبکہ وائبھو سوریاونشی نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
جواب میں سری لنکا اے نے 318 رنز کا بڑا ہدف صرف 41.3 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کے اوپنرز نے بھارتی باؤلنگ کو تہس نہس کر دیا۔ لاستھ کروسپلے نے 107 گیندوں پر 116 رنز اور سینیتھ جے وردھنا نے صرف 70 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار سنچریاں بنائیں۔ دونوں نے 174 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
کپتان نشان مدوشکا نے ناقابل شکست 58 رنز اور پاون رتھنائیکے نے ناقابل شکست 31 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ سری لنکا نے 51 گیندیں پہلے ہی میچ جیت لیا۔
اس شکست کے ساتھ ہی بھارت اے کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہو گیا۔ اس سے قبل گروپ میچ میں بھی پاکستان اے نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سری لنکا اب فائنل میں پاکستان اے اور بنگلہ دیش اے کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گا۔
مختصر اسکور: بھارت اے: 317/8، 50 اوورز ; سری لنکا اے: 318/2، 41.3 اوورز ; نتیجہ: سری لنکا اے 8 وکٹوں سے جیت گیا
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپیئن شپ 2026 کے فائنل میں رسائی کے بعد اب سری لنکا ’اے‘ کا مقابلہ اتوار کو ہونے والے فیصلہ کن معرکے میں بنگلہ دیش ’اے‘ یا دفاعی چیمپیئن پاکستان شاہینز میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا، جو جمعہ کو دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں بھی بھارت ’اے‘ کو پاکستان شاہینز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب سیمی فائنل میں سری لنکا ’اے‘ کے ہاتھوں ہار کے بعد بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔