کرکٹ

مستقبل کے سپر اسٹارز ؛ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تیار!

پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریاں شروع کر دیں

لاہور :سپورٹس لنک - پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کی تیاریاں لاہور میں شروع کر دی ہیں۔ پاکستان انڈر 19 اس سال اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کی فائنلسٹ اور گزشتہ سال کی چیمپئن ٹیم ہے۔

 دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 5 سے 16 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز میں تین ایک روزہ میچز اور ایک چار روزہ میچ شامل ہے۔

پاکستان انڈر 19 نے رواں سال انگلینڈ کے دورے پر میزبان ٹیم کو چار میچوں کی ایک روزہ سیریز میں 3-1 سے شکست دی تھی، جبکہ واحد چار روزہ میچ میں انہیں 10 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

پاکستان انڈر 19 اسکواڈ اس وقت لاہور میں سات روزہ پری سیریز کیمپ میں حصہ لے رہا ہے، جہاں کھلاڑی ہیڈ کوچ شاہد انور کی نگرانی میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔ کیمپ کے دوران کھلاڑی ٹارگٹ میچز میں بھی حصہ لیں گے۔

انگلینڈ انڈر 19 ٹیم منگل، یکم دسمبر کو اسلام آباد پہنچے گی اور 2 سے 4 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان انڈر 19 کے ساتھ ٹریننگ کرے گی۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا:

"انگلینڈ انڈر 19 نے آئندہ سیریز کے لیے ایک مضبوط اور متوازن اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اور ہم ایک کانٹے دار مقابلے کے منتظر ہیں۔"

"ہم نے ایشیا کپ کے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی ہیں، ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جنہوں نے انڈر 19 سطح پر اپنی کارکردگی سے متاثر کیا ہے۔ ہم نے بہتری کے لیے چند شعبوں کی نشاندہی کی ہے اور کھلاڑیوں کی مہارتوں کو بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔"

"ہماری توجہ ورائیشنز تیار کرنے پر ہے، خاص طور پر بولنگ میں سست گیندوں پر، جبکہ بیٹرز کو گیپس تلاش کرنے اور شاٹس کی بہتر ایگزیکیوشن کی ترغیب دی جا رہی ہے۔"

"موسمی حالات اور دن کی روشنی کے کم دورانیے کی وجہ سے راولپنڈی میں میچز صبح 9 بجے شروع ہوں گے، اس لیے ہمارے پاس موسم سے ہم آہنگ ہونے اور تیاری کے لیے تین دن کی ٹریننگ ہوگی۔"

"اسکواڈ کی اکثریت کو ایشیا کپ سے برقرار رکھا گیا ہے، جس سے ہمیں تسلسل اور ایک سیٹ کمبی نیشن ملا ہے۔ توجہ مثبت سوچ برقرار رکھنے اور مقامی حالات سے ہم آہنگ ہونے پر ہوگی۔"

ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ: فرحان یوسف (کپتان)، عبدالقادر، عبدالسبحان، حماد آصف، حماد عزیز، حمزہ ظہور، حیام خان، حسنین عباس ڈار، حذیفہ احسن، ابتسام اظہر، محمد سیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ، عثمان خان اور ذیشان احمد

چار روزہ میچ کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ: فرحان یوسف (کپتان)، عبدالقادر، اسد عمر، حماد آصف، حماد عزیز، حمزہ ظہور، حسن خان، حیام خان، حسنین عباس ڈار، ابتسام اظہر، محمد سیام، محمد صہیب، رضوان اللہ، عثمان خان اور ذیشان احمد

پلیئر سپورٹ اسٹاف: شاہد انور (ہیڈ کوچ اور ٹیم منیجر)، راؤ افتخار انجم (فاسٹ بولنگ کوچ)، زوہیب خان (اسپن بولنگ کوچ)، ہمایوں فرحت (فیلڈنگ کوچ)، عبید اللہ (فزیو تھراپسٹ)، ابرار احمد (ٹرینر) اور علی حمزہ (پرفارمنس اینالسٹ)

انگلینڈ انڈر 19 کے دورہ پاکستان کا شیڈول ; 

(تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں):پہلا ایک روزہ - 5 دسمبر ; دوسرا ایک روزہ - 7 دسمبر
تیسرا ایک روزہ - 9 دسمبر کو ہو گا. واحد چار روزہ میچ13 تا 16 دسمبر - راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں  ہو گا. 

Related Articles


Back to top button