ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ: پاکستان کی دھواں دار پرفارمنس، سری لنکا کو 10 وکٹوں سے روند ڈالا
ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ۔ پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی
پاکستان نے سری لنکا کو دس وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا ۔ محمد صفدر کی شاندار کارکردگی
پاکستانی ٹیم منگل کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گی، فائنل بیس نومبر کو ہوگا
ڈھاکہ، بنگلہ دیش ( سپورٹس لنک رپورٹر ) دوسرے ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو بآسانی دس وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے ۔
محمد صفدر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔۔باشوندھرا کے انور کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے میچ میں نعیم اللہ، شہزادہ سانول اور حمزہ محبوب کو ڈیبیو کرایا گیا۔
سری لنکا کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ زیادہ مفید ثابت نہ ہوسکا۔ سری لنکن ٹیم مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر صرف اٹھاسی رنز اسکور کرسکی ۔ محمد صفدر اور نعمت اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
جواب میں پاکستان نے ہدف با آسانی بغیر کسی نقصان کے ساتویں اوور میں حاصل کرلیا۔ محمد صفدر اور نعمت اللہ نے اٹھاسی رنز کی شراکت قائم کی۔
محمد صفدر چھیالیس اور نعمت اللہ نے ناقابل شکست بتیس رنز اسکور کیے ۔ محمد صفدر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔۔
پاکستان نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی ۔ پاکستان کا تیسرا لیگ میچ روایتی حریف بھارت سے منگل کو ہوگا۔