وسیم اکرم، حفیظ اور یوسف کے بعد اب مکی آرتھر بھی بابر کے خلاف بول پڑے
مکی آرتھر کا بڑا انکشاف، ٹرینٹ برج پر پوری ٹیم کے سامنے بابر کو چیلنج کیا
اسلام آباد (نواز گوھر) سابق پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے "دی سپر اوور" پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک مرتبہ پوری ٹیم کے سامنے بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مکی آرتھر نے بتایا کہ "جب ڈریسنگ روم میں ماحول ٹھنڈا ہو جائے تو آپ ٹاپ پلیئر کو سب کے سامنے چیلنج کرتے ہیں تاکہ اس کا ببل ٹوٹ جائے۔ میں نے بابر کو ایک بار ٹرینٹ برج پر چیلنج کیا تھا۔"
یہ واقعہ 17 مئی 2019 کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کا ہے۔ اس میچ میں پاکستان نے 340 رنز بنائے، بابر نے 112 گیندوں پر 115 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے آخری اوور میں 341 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
مکی آرتھر کے مطابق "بابر 78 گیندوں پر 90 رنز پر تھا، اس کو 100 تک پہنچنے میں مزید 15 گیندیں لگیں۔ سنچری مکمل کرتے ہی اگلی دو گیندوں پر اس نے 6، 6 مار دیے۔"
مکی آرتھر نے کہا "ہم آخری اوور میں ہار گئے۔ میں نے وہ 15 گیندوں والا دورانیہ بتایا جہاں میری رائے میں وہ سنچری کے لیے کھیل رہا تھا۔ اگر وہ 90 سے 100 تک 5 گیندوں میں پہنچ جاتا تو ہمیں مزید 10 گیندیں ملتیں، ہم مزید 15 رنز بناتے اور میچ آرام سے جیت جاتے۔"
مکی آرتھر نے بتایا کہ "بابر اور میں بہت قریبی تھے، لیکن اس نے ایک ہفتے تک مجھ سے بات نہیں کی۔"
اس سخت پیغام کا فائدہ ورلڈ کپ میں ہوا۔ مکی آرتھر نے کہا "ہم ورلڈ کپ میں گئے، اس نے ایجبسٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بنائی۔ بہترین سنچری، اب بھی سوچ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اس نے لوکی فرگوسن کو کٹ مار کر سنچری مکمل کی، بیٹ ڈریسنگ روم کو دکھایا اور میں نے کہا، ہاں! پیغام پہنچ گیا!"
وسیم اکرم، گرانٹ بریڈبرن، مائیک ہسی، گبز، محمد حفیظ اور محمد یوسف کے بعد اب ایک اور کوچ نے بابر کے غیر پیشہ ورانہ اور خود غرضانہ رویے سے متعلق واقعات بیان کیے ہیں۔
اور ان لوگوں کے لیے جو مکی آرتھر کو محض توجہ حاصل کرنے یا ویوز بٹورنے کا خواہش مند قرار دینے والے ہیں، انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ مکی آرتھر اُس وقت سے قومی ٹیموں کی کوچنگ کر رہے ہیں جب آپ میں سے اکثر لوگ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔