کرکٹ

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: حسن نواز اور شاہزیب خان کی ففٹیاں، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

 رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ سیمی فائنل: پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

دوحہ (سپورٹس لنک رپورٹر) اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 232 رنز بنائے۔ 

شہادت حسین نے شاندار ناقابلِ شکست 103 رنز کی سنچری اسکور کی، مہدی الاسلام نے 42 اور ایس ایم مہیروب نے 28 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3، حسن نواز اور علی رضا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان شاہینز نے 233 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ابتدا میں 2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد حسن نواز نے 62 اور شاہزیب خان نے 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا، پھر کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے ٹیم کو فتح تک پہنچا دیا۔

بنگلا دیش اے کی جانب سے رِپون مونڈُل اور راکِب الحسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایم ڈی رُوبیل نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بھارت نے 317 رنز بنائے تھے جو سری لنکا نے 41.3 اوورز میں صرف 2 وکٹوں پر پورا کر لیا تھا۔

اب رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل اتوار 29 نومبر کو دوحہ میں ہی پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز گروپ مرحلے میں بھی ناقابلِ شکست رہے تھے۔

Related Articles


Back to top button