Games

کھلاڑی پسینہ بہاتے رہ گئے، ذمہ داران تاریخوں پر تاریخیں دیتے رہ گئے

کھلاڑی پسینہ بہاتے رہ گئے، ذمہ داران تاریخوں پر تاریخیں دیتے رہ گئے

اسلام آباد (نواز گوھر) کھیلوں کے میدان سجانے کے بجائے صرف کیلنڈر بدلنے والے اداروں نے ایک اور تاریخ دے دی۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے اعلان کیا ہے کہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز اب *18 سے 27 ستمبر 2027* تک پاکستان میں ہوں گے۔

یہ گیمز پہلے 3 سے 11 اپریل 2027 تک اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں ہونے تھے، مگر اب یہ چھٹی بار ملتوی ہو گئے ہیں۔

پی او اے کے مطابق ملتوی ہونے کی وجہ ریاض میں ہونے والے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز سے ٹکراؤ ہے، جو 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک ہوں گے۔ پی او اے کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ کھلاڑی دونوں ایونٹس میں حصہ لے سکیں۔

مگر کھلاڑیوں کا سوال وہی ہے، کیا ہر بار یہی بہانہ کافی ہے؟

پاکستان کو سیف گیمز کی میزبانی 2021 میں ملی تھی۔ اس وقت سے اب تک انتظامی تاخیر، فنڈز کا مسئلہ، کورونا، اور کیلنڈر کے ٹکراؤ کے نام پر گیمز 6 بار ملتوی ہو چکے ہیں۔

اس بار 28 کھیلوں میں جنوبی ایشیا کے 7 ملکوں کے ہزاروں کھلاڑیوں نے حصہ لینا تھا، جنہوں نے مہینوں سے ٹریننگ کیمپوں میں پسینہ بہایا، مگر ان کے ہاتھ پھر ایک نئی تاریخ آ گئی۔

کھلاڑی میدان میں پسینہ بہاتے رہ گئے اور ذمہ داران تاریخوں پر تاریخیں دیتے رہ گئے!

سیف گیمز اب کھیلوں کا ایونٹ کم اور تاریخیں بدلنے کا مقابلہ زیادہ لگنے لگا ہے۔ اگر التوا پر بھی میڈل ملتا تو ہمارے ذمہ داران اب تک گولڈ میڈلسٹ ہوتے!

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ستمبر 2027 والی تاریخ بھی پکی ہے، یا پھر اس بار بھی کوئی نیا بہانہ آ جائے گا؟

یاد رہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جنوبی ایشیا کی تمام شریک قومی اولمپک کمیٹیوں سے مشاورت اور ان کی باضابطہ رضامندی کے بعد ان تاریخوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی شدہ تاریخوں کا فیصلہ 6 ویں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخوں میں تبدیلی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتے ہوئے انہیں دونوں ایونٹس میں شرکت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق جنوبی ایشیائی قومی اولمپک کمیٹیوں کے درمیان اتفاقِ رائے علاقائی اولمپک تحریک میں یکجہتی اور تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ تمام کمیٹیوں نے آرگنائزنگ کمیٹی اور پاکستان کی اولمپک و اسپورٹس کمیونٹی کے لیے گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جنوبی ایشیا کی تمام قومی اولمپک کمیٹیوں کی سمجھ بوجھ اور تعاون پر گہری تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ستمبر 2027 میں ان کے ایتھلیٹس، آفیشلز اور وفود کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہے۔

*# # # #POA # # #Lahore #Peshawar #SportsNews*

Related Articles


Back to top button