فاطمہ ثنا کی کپتانی میں واپسی، ویسٹ انڈیز دورے کے لیے 15 رکنی ویمنز سکواڈ کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی ویمنز سکواڈ کا اعلان کر دیا، فاطمہ ثنا کی کپتان کے طور پر واپسی
لاہور، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کی بطور کپتان سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیت کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سکواڈ کا حصہ نہیں تھیں، اب وہ دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھالیں گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
تمام میچز 8 سے 20 دسمبر تک روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 8، 10 اور 12 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے انٹرنیشنل سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے۔
پاکستان ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 9 میچز میں 5 فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، اور اس سیریز میں اچھی کارکردگی سے ٹیم اپنی پوزیشن مزید بہتر بنا سکتی ہے۔
15 رکنی سکواڈ:
فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ شین ڈیٹز ہوں گے۔