ٹٰینس

ٹی ایف ماسٹرز پٹایا: پاکستان کے رشید ملک مینز 55+ ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

آئی ٹی ایف ماسٹرز پٹایا: پاکستان کے رشید ملک مینز 55+ ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

لاہور: پاکستان کے تجربہ کار ٹینس اسٹار رشید احمد ملک نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے گریٹا اسپورٹس کلب میں جاری آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مینز 55+ ڈبلز کیٹیگری کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

رشید ملک نے جرمنی کے ایکسل ہیمپے کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے ایک گھنٹہ 35 منٹ تک جاری رہنے والے سخت کوارٹر فائنل مقابلے میں روس کے یوری کوڈینوف اور تھائی لینڈ کے پتراوت سانگ چاروئن کو 3-6 اور 5-7 سے شکست دی۔

رشید ملک نے نیٹ پر شاندار والیز، بہترین کورٹ کوریج اور غیر معمولی حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن لمحات میں ونرز لگا کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کم عمر حریفوں کے خلاف بھی ان کی پھرتی اور تجربہ قابلِ دید رہا۔ واضح رہے کہ رشید ملک نے حال ہی میں پٹایا میں ہی منعقدہ MT700 ٹورنامنٹ کا مینز 55+ ڈبلز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔

قبل ازیں ایک اور میچ میں رشید ملک اور بھارت کے جے رام پونیا نے چین کے ہیلن جیا اور بھارت کے سدیش سنگھ کو باآسانی 2-6 اور 0-6 سے آؤٹ کلاس کیا۔ ادھر ایک سنسنی خیز ڈبلز مقابلے میں پاکستان کے خرم امتیاز اور فرقان الدین خان نے شاندار فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چینی جوڑی ہیلن جیا اور ژینفو وانگ کو تین سیٹس کے اعصاب شکن معرکے میں 1-6، 7-6 (6-8) اور 8-10 سے زیر کر لیا۔

دوسری جانب مینز 55+ سنگلز کے سیمی فائنل میں پاکستان کے خرم امتیاز نے ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر 67 بھارت کے بال کرشن بھاٹیہ کے خلاف دو گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہنے والے دلچسپ مقابلے میں زبردست مزاحمت کی،

 تاہم انہیں 4-6، 7-5 اور 10-6 سے قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک اور قریبی ڈبلز میچ میں پاکستان کے سینئر کھلاڑی وقار نثار اور ان کے پارٹنر مصطفیٰ رضا کانگا کو لازلو بوٹس اور ساؤ کی ڈیوڈ لی کے ہاتھوں تین سیٹس میں 1-6، 6-1 اور 10-6 سے شکست ہوئی۔

Related Articles


Back to top button