کرکٹ

52 گیندیں، 28 چھکے اور ڈبل سنچری، سوریا ونشی نے کرکٹ کی تاریخ میں تہلکہ مچا دیا

52 گیندیں، 28 چھکے اور ڈبل سنچری، سوریا ونشی نے کرکٹ کی تاریخ میں تہلکہ مچا دیا

دوحہ : اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے گروپ بی میچ میں بھارت کے 15 سالہ نوجوان بیٹر ویبھو سوریا ونشی نے ایسی اننگز کھیل دی جسے کرکٹ کی تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

دوحہ میں کھیلے جانے والے گروپ ’بی‘ کے اہم مقابلے میں متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔

سوریا ونشی نے پہلی ہی گیند سے یو اے ای کے بولرز پر حملہ شروع کر دیا۔ انہوں نے صرف 16 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔ تیسرے اوور کے اختتام تک وہ نصف سنچری کر چکے تھے۔

اس کے بعد بھی ان کا بلا رکا نہیں۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے جیک فریزر میک گرک کے پاس تھا جنہوں نے 29 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

سنچری کے بعد سوریا ونشی اور زیادہ خطرناک ہو گئے۔ انہوں نے صرف 40 گیندوں پر 150 رنز مکمل کر لیے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے عظیم بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 64 گیندوں پر 150 کیا تھا۔

اور پھر وہ لمحہ آ گیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔ سوریا ونشی نے یو اے ای کے کپتان باسل حمید کو چھکا لگا کر صرف 52 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کر لی۔

اس سے پہلے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے چیڈ بوز کے پاس تھا جنہوں نے 103 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔ سوریا ونشی نے اس ریکارڈ کو آدھے سے بھی کم وقت میں توڑ دیا۔

ڈبل سنچری کے فوراً بعد اگلی ہی گیند پر سوریا ونشی 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 53 گیندوں پر 204 رنز بنائے جس میں 28 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

28 چھکے کسی بھی پروفیشنل کرکٹ اننگز میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ اس سے پہلے لسٹ اے میں یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈی آرسی شارٹ کے پاس تھا جنہوں نے 23 چھکے لگائے تھے۔

سوریا ونشی نے باؤنڈریز سے ہی 196 رنز بنا دیے، جو ان کی کل اننگز کا 96 فیصد بنتا ہے۔ ان کی اسٹرائیک ریٹ 384.91 رہی۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو انڈیا اے کے 245 رنز میں سے 204 رنز اکیلے ان کے تھے۔

سوریا ونشی کی اس طوفانی اننگز کی بدولت انڈیا اے نے 250 رنز کا ہدف صرف 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔

یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ کے پہلے دو میچوں میں سوریا ونشی جلدی آؤٹ ہو گئے تھے، لیکن تیسرے میچ میں انہوں نے سب کا حساب برابر کر دیا۔

ٹوٹنے والے ریکارڈز ایک نظر میں:

تیز ترین لسٹ اے ففٹی - 16 گیندیں ; تیز ترین لسٹ اے سنچری - 28 گیندیں ; تیز ترین لسٹ اے 150 - 40 گیندیں ; تیز ترین لسٹ اے ڈبل سنچری - 52 گیندیں ; ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے - 28 چھکے ; سب سے کم عمر لسٹ اے ڈبل سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گے۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سوریا ونشی صرف 15 سال کی عمر میں وہ کر رہے ہیں جو بڑے بڑے کھلاڑی پوری زندگی میں نہیں کر پاتے۔ یہ لڑکا مستقبل میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹار بننے جا رہا ہے۔

Related Articles


Back to top button