آئی ایل ٹی 20 : بابر کا بلا چلا تو مخالف بولرز بے بس، ڈیبیو میچ میں ہی ریکارڈ ساز اننگز
کنگ بابر واپس آ گیا! آئی ایل ٹی 20 میں پہلے ہی میچ میں چھا گیا
بابر کا بلا چلا تو مخالف بولرز بے بس، ڈیبیو میچ میں ہی ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلا دی،پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے پہلے ہی میچ کو یادگار بنا دیا۔
شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے 86 رنز کی اننگز کھیلی اور ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس دوران بابر نے لیگ کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں شارجہ واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے، تاہم ڈیزرٹ وائپرز کے بیٹرز نے ہدف کے تعاقب میں عمدہ کھیل پیش کیا اور محض 17.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔
بابر اعظم نے صرف 51 گیندوں پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جارڈن کلارک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی، جس نے ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔بابر اعظم کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ان کی اننگز کی خاص بات 13 چوکے تھے، جن کے ذریعے انہوں نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ علیشان شرفو کے پاس تھا،
جنہوں نے 2024 میں ایک اننگز کے دوران 11 چوکے لگائے تھے، تاہم بابر اعظم نے 13 چوکوں کے ساتھ یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کے لیے رواں سیزن میں یہ پہلی کامیابی ہے،
جس سے ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ ڈیزرٹ وائپرز اب 25 نومبر کو اپنے اگلے مقابلے میں دبئی کیپیٹلز کے مدمقابل ہوں گے۔
بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے پہلے ہی میچ میں نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ ریکارڈ ساز اننگز کے ذریعے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ بڑے مقابلوں میں ان کا بلّا کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدل سکتا ہے۔