امیچور گالف چیمپئن عمر خالد ورلڈ رینکنگ میں پاکستان کے ٹاپ گالفر بن گئے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) امیچور گالف چیمپئن عمر خالد ورلڈ رینکنگ میں پاکستان کے ٹاپ گالفر بن گئے۔ ورلڈ امیچور ٹاپ ٹین رینکنگ میں عمر خالد نے سترہ سال یا اس سے کم عمر گالفرز کو جوائن کر لیا ہے۔ گزشتہ سال مختلف ایونٹس میںمسلسل اچھی کارکردگی کی بدولت وہ کیریئر کی بہترین درجہ بندی 296 پر آگئے ہیں۔ اس سے قبل ان کی رینکنگ 378تھی۔ کراچی کے نکسر کالج کے اسٹوڈنٹ عمر خالد کی رینکنگ میں 82درجے کی ترقی ان کے ایک کے بعد ایک امیچور ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستان اوپن اور چیف آف ایئر اسٹاف گالف چیمپئن شپ جیتی ہیں۔ عمر خالد نے ورلڈرینکنگ میں موجود پاکستان کے ٹاپ امیچور گالفر سلمان جہانگیر کو پیچھے چھوڑ دیا جن کی رینکنگ 354 تھی۔ واضح رہے کہ عمر خالد صرف سولہ سال کی عمر میں قومی امیچور گالف چیمپئن شپ جیت کر گزشتہ برس پاکستان کے سب سے کم عمر چیمپئن بنے تھے۔ ایشین گالفرز میں ان کی رینکنگ 32 ہو گئی ہے۔ صرف تیرہ ماہ قبل عمر خالدنے ورلڈ امیچور گالف رینکنگ میں جگہ بنائی تھی اور اب وہ تیزی کے ساتھ 296 پر آئی ہے جو پاکستان گالف کےلئے انتہائی خوش آئند خبر ہے۔ عمر خالد نے گزشتہ دنوںفیلڈو سیریز پاکستان چیمپئن شپ 27اسٹروکس کے ریکارڈ مارجن سے جیتی تھی جس پر چھ مرتبہ ریکارڈ فیلڈو سیریز جیتنے والے سر نک فیلڈو نے بھی ان کے کھیل کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ اتنی کم عمری میں ایسی متاثر کن کارکردگی روشن مستقبل کی نوید ہے۔ عمر خالد کا کہنا ہے کہ ورلڈ رینکنگ امیچور ایونٹس میں شرکت کرنا اعزاز کی بات تھی تاہم اب پاکستان میں گالف سیزن ختم ہو گیا ہے لہٰذا پاکستانی گالفرز کو اپنی رینکنگ بہتر کرنے کےلئے بیرون ملک جا کر ورلڈ رینکنگ ایونٹس میں شرکت کرنا ہو گی۔ واضح رہے کہ ورلڈ گالف رینکنگ میں عمرخالد اور سلمان کے علاوہ یاشل شاہ 480، صائم شازل 670، تیمور ملک 759 جبکہ عمر کھوکھر 1280 درجہ بندی پر ہیں۔

error: Content is protected !!