پہلی ٹوور ڈی خیبر نیشنل سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ یوسف خان نے جیت لیا

وادی خیبرمیں منعقد ہونے والی پہلی ٹوور ڈی خیبر نیشنل سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ ریس میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑی یوسف خان نے پہلی، بلوچستان کے عاطف نے دوسری جبکہ خیبرپختونخوا کے محسن خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی، کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن، ٹورازم پراجیکٹ ضم اضلاع، پاک فوج،ایف سی نارتھ اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے ریس کا انعقاد کیاگیا۔ریس کا افتتاح ممبر صوبائی اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹورازم ضم اضلاع اشتیاق خان نے کیا۔ ان کے ہمراہ آرگنائزنگ سیکرٹری نثاراحمد، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سید اظہر علی شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ریس کا آغاز باب خیبر سے ہوا جس میں ملک بھر سے شریک 52 سائیکلسٹ نے 39 کلومیٹر کا راستہ عبور کیا اور ریس حمزہ بابا چوک لنڈی کوتل کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریس میں خیبرپختونخوا کی تین ٹیموں سمیت بلوچستان، سندھ، پنجاب، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کے 55 کھلاڑی شریک ہیں۔ ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے یوسف خان نے راستہ ایک گھنٹہ 2 منٹ 32 سیکنڈ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے عاطف خان نے راستہ ایک گھنٹہ 5 منٹ اور 9 سیکنڈ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے محسن خان نے راستہ ایک گھنٹہ 5منٹ اور10 سیکنڈ میں عبور کیا۔ ٹیم نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلے جبکہ بلوچستان کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر اشتیاق خان نے کہاکہ ضم اضلاع میں امن بحال ہوچکا ہے۔

یہاں میں سیاحت و ثقافت کے فروغ کیلئے مختلف سرگرمیوں کاانعقاد کیا ہے جس کا مقصد یہاں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں عنقریب اورکزئی فیسٹیول سمیت جنوبی اور شمالی وزیرستان اور دیگر ڈسٹرکٹ میں بھی سیاحتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ریس کا دوسرا مرحلہ آج بروز منگل وادی تیراہ میں منعقد ہوگا جو کہ 27کلومیٹر روڈ پر مشتمل ہے جس کا اختتام دواطوئے کے مقام پر ہوگا۔ ریس کی اختتامی تقریب باغ مرکز کے گراؤنڈ پر ہو گی جس میں آرچری، میراتھن ریس، کبڈی اور رسہ کشی کے مقابلے بھی منعقد کئے جائینگے۔

error: Content is protected !!