نیٹ بال کے کھیل کو سائوتھ ایشین گیمز میں شامل کرنے کی اپیل

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے کہ حکومت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور کامن ویلتھ گیمز سے تسلیم شدہ نیٹ بال کے کھیل کو سائوتھ ایشین گیمز میں شامل کرے تاکہ پاکستان اس کھیل میں بھی مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں دو سونے کے تمغے حاصل کرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیٹ بال کا کھیل انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے تسلیم شدہ، کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے ساتھ منسلک ہے،ایشین گیمز،
سائوتھ ایشین گیمز کے علاوہ تھائی لینڈ میں کھیلی جانے والی ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹ اور سری لنکا میں کھیلی جانے والی سائوتھ ایشین بیچ گیمز میں بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹ بال کا کھیل سائوتھ ایشیا کے سات ملکوں میں بھی کھیلا جارہا ہے جن پاکستان، مالدیپ، بنگلہ دیش، بھارت، افغانستان، سری لنکا اور نیپال شامل ہے۔

مدثر آرائیں نے کہا کہ پاکستان نے ملائیشیا میں 2017 اور 2018 میں کھیلی گئی ایشین مینز نیٹ بال چیمپئین شپ میں دو چاندی کے تمغے حاصل کرنے کے علاوہ سری لنکا میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین بیچ گیمز میں کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشین گیمز کا انعقاد آئندہ برس مارچ 2023 ء میں پاکستان میں ہورہا ہے۔ جس میں نیٹ بال کے کھیل میں پاکستان مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں دو سونے کے تمغے حاصل کرنے کے بہت زیادہ چانسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نیٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور پاکستان اپنے ہوم کھیل کے میدان میں کھیلی جانے والی سائوتھ ایشین گیمز میں یقینی طور پر سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل نیٹ بال فیڈریشن اور ایشین نیٹ بال فیڈریشن بھی نیٹ بال کے کھیل کو سائوتھ ایشین گیمز میں شامل کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو خط کے ذریعے سفارش کر چکی ہے اور ان دونوں تنظیموں نے گیمز کے دوران اپنے اپنے تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔

مدثر آرائیں نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے درخواست کی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر نیٹ بال کے کھیل کو سائوتھ ایشین گیمز 2023 میں شامل کروائیں تاکہ اس کھیل میں بھی پاکستان مرد اور خواتین کے دونوں ایونٹس میں دو سونے کے تمغے حاصل کرسکے۔

error: Content is protected !!