لاہور قلندرز یا ملتان سلطانز، ایچ بی ای پی ایس ایل 7 کے چیمپئن کا فیصلہ کل ہوگا

سال 2021 میں آئی سی سی کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان کی زیرقیادت بالترتیب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے ٹائٹل کافائنل معرکہ 27 فروری بروز اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 2017 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

ملتان سلطانز نے ایونٹ کے واحد کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جبکہ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں فتح کی دیوی ایک مرتبہ لاہور قلندرز اور ایک مرتبہ ملتان سلطانز پر مہربان ہوچکی ہے۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو اب تک ایڈیشن 2022 میں شکست دینے والی واحد ٹیم بھی لاہور قلندرز کی ہی ہے۔

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اپنے کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں سات نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کرکے 585 رنز بناچکے ہیں۔اگر وہ فائنل میں مزید 15 اسکور بنالیتے ہیں تو وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 600 رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن جائیں گے۔وہ اب تک 154 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کررہے ہیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ کی 11 اننگز میں 532 رنز بناچکے ہیں۔ 126 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے محمد رضوان اب تک ایونٹ میں سات نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ اس فہرست میں ملتان سلطانز کے دوسرے اوپنر شان مسعود کا تیسرا نمبر ہے، جو اب تک 459 رنز بناچکے ہیں۔

باؤلنگ میں ملتان سلطانز کو خوشدل شاہ کی صورت میں ایک سرپرائز پیکچ دستیاب ہے۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ تجربہ کار عمران طاہر اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بہترین باؤلر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شاہنواز دھانی کی اس ٹورنامنٹ میں وکٹوں کی تعداد بھی 16، 16 ہے۔لاہور قلندرز کے نوجوان باؤلر اور پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے فاسٹ باؤلر زمان خان بھی 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی، کپتان لاہور قلندرز:

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب صرف ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے اس عرصے کے دوران لاہور قلندرز نے لاجواب کرکٹ کھیلی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنا اور پھر کامیاب حاصل کرنے سے بڑی خوشی اور کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر میچ کے لیے ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر لاہور کی عوام کے مشکور ہیں ۔ وہ لاہوریوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فائنل کے روزبھی اسٹیڈیم کو بھر دیں تاکہ وہ ان تمام فینز کے سامنے ٹرافی اٹھا کر ان کا شکریہ ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں، ملتان کی ٹیم ایک بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

محمد رضوان، کپتان ملتان سلطانز:

محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کے لیے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا ہے اور ایک کپتان کی حیثیت سے وہ اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں مانگ سکتے۔ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے کسی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہمیشہ دباؤ کا شکار رکھتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی منیجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے اس دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے اور اتوار کو انہیں کراؤڈ سے بھی بھرپور اسپورٹ میسر ہوگی۔لاہور کا کراؤڈ بہت شاندار ہے اور انہیں امید ہے کہ فائنل کے روز ملتان سلطانز کے فینز بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

محمدرضوان نے کہا کہ گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظہبی کے خالی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اللہ کی مدد سے اس مرتبہ ان کی ٹیم تماشائیوں سے بھرے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل جیت کر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی ٹرافی اٹھائےگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پورے ٹورنامنٹ میں بھرپور اسپورٹ کرنے پر ملتان سلطانز کے تمام فینز کے شکر گزار ہیں۔

error: Content is protected !!