حکومت صحافیوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں کو سپورٹ کریگی،تیمور سلیم جھگڑا

صوبائی وزیرصحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صحت مند دماغ کے لئے صحت مند جسم کا ہونا ضروری ہے، صحافیوں کے لئے خوشگوار ماحول اور کھیل کود کی سرگرمیاں زیادہ سے زیادہ منعقد ہونی چاہئیں، تحریک انصاف کی حکومت صحافیوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں کو مکمل سپورٹ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے خیبر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پشاور پریس کلب میں منعقدہ رمضان سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف، آر ایم آئی کے منیجر سپورٹس ساجد درانی، ترجمان شبیر شاہ، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین، جنرل سیکرٹری عمران یوسف زئی، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری شہزادہ فہداور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ کھیل کود سمیت دیگر صحتمندانہ سرگرمیوں کے حوالے سے صحافیوں کو جو بھی سپورٹ درکار ہوگی حکومت اس کے لئے تیار ہے۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو کھیل کے میدان میں دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ صحافیوں اور ْصوبائی وزرا کے درمیان بھی کھیل کے مقابلے ہونے چاہئیں۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پشاور کے صحافیوں نے ہمیشہ حکومت کی جانب سے ہونے والی خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی ہے جبکہ اچھے اور مثبت کاموں کی تحسین بھی کی ہے۔تقریب میں صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور بیرسٹر سیف نے فیتہ کاٹ کر آر ایم آئی رمضان سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ سپورٹس گالا میں 180 سے زائد صحافی پانچ مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں جن میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سنوکر، کیرم بورڈ اور لوڈو شامل ہیں۔

error: Content is protected !!