محمد حسنین ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے

22 سالہ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جانے والا ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ دی ہنڈرڈز کھیلنے کے سلسلے میں یوکے میں موجود محمد حسنین دبئی میں قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

دوسری جانب آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح پاکستان سے روانہ ہوکر دبئی میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ وہ نیدرلینڈز ٹور کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپناپہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں 2 ستمبر بروز جمعہ کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گا۔ سپر فور کے میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

error: Content is protected !!