روہت شرما گھبرائے ہوئے، زیادہ عرصہ کپتان نہیں رہ سکتے، محمد حفیظ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھارتی کپتان روہت شرما پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گھبرائے ہوئے اور شدید دبائو کا شکار ہیں مجھے نہیں لگتا وہ طویل عرصے کے لیے کپتانی کر پائیں گے۔حفیظ نے روہت شرما سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جس روہت شرما کو ہم نے دیکھا اور جانتے ہیں وہ اس طرح کے نہیں ہیں جس طرح کہ وہ کپتانی کے بعد الجھن میں نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روہت شرما پر زیادہ دبائو ہے جس سے وہ کنفیوز نظر آتے ہیں ایک طرف انہیں اپنی کھوئی ہوئی فارم کو واپس حاصل کرنے کی فکر ہے تو دوسری طرف ٹیم کی کپتانی کا دبائو ہے۔حفیظ نے کہا کہ ہانگ کانگ کے خلاف روہت شرما کی ٹیم نے 40 رنز سے کامیابی حاصل کی لیکن اس فتح کے باوجود کپتان پر دبائو کے اثرات واضح ہیں وہ کھوئے ہوئے لگتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ روہت شرما کی گھبراہٹ اور دبائو کو دیکھتے ہوئے میرا خیال ہے کہ وہ زیادہ عرصہ کپتان نہیں رہ پائیں گے حالانکہ ابھی ان کی کرکٹ باقی ہے لیکن ہو سکتا ہے کہ ان سے متعلق کوئی فیصلہ ہو جائے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت سپر 4 مرحلے میں اپنا میچ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کے خلاف اتوار کو کھیلے گا۔

تعارف: newseditor