انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام صدر سائف احمد اور سی ای او ٹھیئری ویئل نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے پی ایچ ایف کے نو منتخب عہدیداران کا خیرمقدم کیا ہے اور مبارکباد دی ہے ۔ ایف آئی ایچ کی جانب سے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کے نام بھیجی گئی ای میل میں ایف آئی ایچ عہدیداران نے اپنے خیر مقدمی پیغام کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں بریگیڈئر (ر)خالد سجاد کھوکھر کو دوسری آئینی ٹرم 26-2022 کے لئے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پی ایچ ایف کانگریس ممبران کا انکی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد اور ہاکی کی ترویج و ترقی کے لئے انکا وژن انکے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی غمازی کرتا ہے۔
ایف آئی ایچ عہدیداران نے اپنے تہنیتی پیغام میں مزید کہا ہے کہ سید حیدر حسین کو سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اور شاہد پرویز بھنڈارا کو بطور خازن پی ایچ ایف منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نو منتخب عہدیداران کو آئینی ٹرم26-2022 کے لئے نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ ایف آئی ایچ کی جانب سے پی ایچ ایف کے ساتھ بھرپور تعاون کو جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا ہے۔