قومی ہاکی پلیئرز کو واجبات مل گئے

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 30 سے زائد کھلاڑیوں کے 5 ماہ سے رکے تمام واجبات ادا کر دیے۔ہاکی فیڈریشن نے ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی رقم کھلاڑیوں کے اکائونٹس میں منتقل کر دی۔پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب پی ایچ ایف نے ان کے تمام واجبات ادا کیے، یہ رقم تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی ڈیلی الائونس اور بیرون ملک دوروں کی ڈیلی الائونس کی مد میں دی گئی ہے۔پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ کھلاڑی ملک کے ہیرو اور ہماری عزت ہیں

 

کبھی نہیں چاہتے تھے کہ کھلاڑیوں کو ان کی رقم نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جیب سے پیسے لگا کر کھلاڑیوں کی رقم ادا کی، کھلاڑیوں کو پیسے نہ ملنے پر سب سے زیادہ دکھ مجھے ہوتا ہے۔پی ایچ ایف کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ عہدہ سنبھالا تو اولین ترجیح کھلاڑیوں کو ان کا حق دلانا تھا، وعدہ کیا تھا کہ کیمپ سے پہلے رقم ادا ہو جائے گی۔واضح رہے کہ اذلان شاہ ہاکی کپ کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے کراچی میں شروع ہوگا۔

تعارف: newseditor