ایشین کرکٹ کونسل کے ویمن ایشیا کپ 2022 میں شرکت کیلئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش روانہ ہو گئی۔کپتان بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستانی ٹیم دبئی کے راستے بنگلہ دیش روانہ ہوئی جہاں ٹیم اے سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔ایشین کرکٹ کونسل کا ویمن ایشیا کپ یکم اکتوبر سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔ٹیم کی بنگلادیش روانگی کے موقع پر ویمن ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کی ہے، ایشیا کپ میں ویمن ٹیم اچھے نتائج دے گی۔بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں کھیلنے سے اگلے برس ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے اچھی تیاری کا موقع ملے گا۔