کرائسٹ چرچ میں جاری سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے کپتان بابر اعظم کی شاندار ناقابل شکست اننگز کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ کو بھی چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے، تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے بہترین سکور ڈیون کانوائے کا رہا جنہوں نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے، مارک چیپمین نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 32 جبکہ کپتان کین ولیمسن 31 رنز بنا پائے، پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے تین، محمد وسیم اور محمد نواز نے دو دو جبکہ شاہنواز دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم کا آغاز زیادہ اچھا نہ رہا اور اوپنر محمد رضوان صرف چار رنز بنانے کے بعد 36 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے ، 37 کے مجموعی سکور پر شان مسعود بھی بغیر کوئی سکور بنائے پویلین جا بیٹھے اس موقع پر شاداب خان نے وکٹ پر آکر بابر اعظم کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھنا شروع کیا ، 98 کے مجموعی سکور پر شاداب خان بھی دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اس موقع پر پاکستان کا مجموعی سکور 98 رنز تھا، نئے آنے والے محمد نواز بھی سولہ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ، ان کے بعد آنے والے حیدر علی نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے صرف دو گیندوں پر دس رنز سکور کرتے ہوئے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کردیا، بابر اعظم 79 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، حیدر علی نے ناقابل شکست دس رنز بنائے، پاکستان نے مطلوبہ ہدف 18.2 اوورز میں چار وکٹوں پر حاصل کرتے ہوئے میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹیکنر نے دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم سائوتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔