کرائسٹ چرچ میں جاری سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ بنگلہ دیش کی یہ دوسری مسلسل ناکامی ہے، تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شانتو 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عافف حسین نے چوبیس جبکہ نور الحسن نے پچس رنز ناٹ آئوٹ بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ٹیم سائوتھی، مائیکل بریسویل اور سودھی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 17.5 اوورز میں حاصل کرکے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا، ڈیون کانوائے 70 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ کین ولیمسن نے 30 اور گیلن فلپس نے 23 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شرفل اسلام اور مہدی حسن میراز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔