سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مابین کھلاڑیوں کو صحت مند غذا کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر گزشتہ روز دستخط ہوئے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے ایم او یو پر دستخط کئے، دستخط کرنے کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن ودیگر بھی موجود تھے
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں بہترین کام کررہی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے بڑے بڑے ایونٹس منعقد کراتا ہے جس میں ہزاروں کھلاڑی حصہ لیتے ہیں، کھلاڑیوں کے لئے غذا بہت اہمیت رکھتی ہے،پنجاب گیمز اور بعد میں ہونیوالے ایونٹس میں کھلاڑیوں کو صحت مند غذا کر فراہمی کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے ایم او یو کیا ہے، کھلاڑیوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں کو بہترین اور صحت مند غذا کی فراہمی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب سے تعاون کرتے ہوئے اپنی خدمات پیش کریگی ۔