آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ول پوکو وسکی نے غیر معینہ مدت کے لیے کرکٹ سے بریک لے لی۔ آسٹریلین کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ول پوکو وسکی نے دماغی طور پر سکون حاصل کرنے کے لیے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے بریک لینے کی وجہ کو ذاتی قرار دیتے ہوئے واپسی کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔اس سے قبل بھی ول پوکو وسکی نے دماغی صحت کی بحالی کے لیے بریک لیا تھا ، انہوں نے کندھے کی سرجری کے بعد ری ہیب بھی مکمل کیا۔
اس موقع پر وکٹوریہ کرکٹ کے جنرل منیجر نے کہا کہ کرکٹر کے ساتھ ہم مکمل تعاون کریں گے کیونکہ ہم کھلاڑی کی صحت کو اہمیت دیتے ہیں اور جب وہ کرکٹ میں واپس آنے کے لیے تیار ہوں گے تو انہیں ویلکم بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ مقابلہ شیفلڈ شیلڈ ہفتے کو تسمانیہ میں شروع ہورہا ہے جس میں ول پوکو وسکی کو وکٹوریہ کی جانب سے کھیلنا تھا لیکن اب وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی چھ ریاستوں کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔