پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان اور افغانستان کے تیس سال سے کم عمر سپورٹس جرنلسٹس کی تربیت کے لئے ینگ سپورٹس رپورٹرز ٹریننگ پروگرام پشاور میں شروع ہو گیا ہے۔صوبائی وزیر ثقافت و محنت شوکت یوسفزئی نے باضابطہ افتتاح کیا،ٹریننگ پروگرام میں پاکستان سمیت افغانستان کے پچاس نوجوان لکھاری اپنی نوعیت کے اس منفرد تربیتی پروگرام میں شریک ہیں۔سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس نے کم عمر سپورٹس جرنلسٹس کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ایسے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ شروع کیا جس کے بعد دنیا بھر میں مختلف ممالک سے کئی نوجوان سپورٹس جرنلسٹس عملی صحافت میں سامنے آئے۔
پشاور میں منعقدہ ینگ سپورٹس ٹریننگ پروگرام چار روز جاری رہے گا اس دوران عملی طور پر کھیلوں کی صحافت کا عملی تجربہ فراہم کرنے کے لئے انہیں چارسدہ، مردان، پشاور اور کوہاٹ میں تعمیر کئے جانے والے سپورٹس کمپلیکس کا دورہ بھی کروایا جائے گا۔خیبر پختون خوا کی سپورٹس جرنلسٹس کی تاریخ میں ینگ سپورٹس رپورٹرز ٹریننگ پروگرام کا ایک نیا باب رقم کر دیا گیا ہے۔تیس سال سے کم عمر طلباء اور سپورٹس جرنلزم سے وابستہ نوجوانوں کے لئے تربیتی پروگرام میں صوبے کے سینئر صحافیوں نے صحافت کے بنیادی رموز سے آگہی فراہم کی۔اس موقع پر سینئیر صحافیوں کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے بلکہ ڈیجیٹل میڈیا کی افادیت کے پیش نظر تما سپورٹس جرنلسٹس کو ڈیجیٹل میڈیا کے ٹولز سے بھی بھرپور فائدہ اٹھانا چائیے۔ ینگ رپورٹرز کو تربیت کے مزید سیشن دوسرے روز بھی جاری رہیں گے۔