نوجوان بھارتی کرکٹر ایشان کشن نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیز ترین ڈبل سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔چھتوگرام میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور کلدیپ یادیو کے ساتھ ساتھ ایشان کشن کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا اور 24سالہ نوجوان بلے باز نے اس موقع پر تاریخ میں امر کردیا۔نوجوان بلے باز نے ابتدائی میں نسبتاً محتاط انداز اپنایا لیکن 49 گیندوں پر نصف مکمل کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے کھیل کی رفتار میں تیزی لانا شروع کی۔نوجوان بلے باز نے ففٹی کے بعد زیادہ پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی ویرات کوہلی کے ہمراہ بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے سنچری کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔
نوجوان بلے باز نے عفیف حسین کی گیند پر سوئپ کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری 85 گیندوں پر مکمل کی اور اس وقت تک ان کی اننگز میں صرف ایک چھکا شامل تھا۔سنچری مکمل ہونے ساتھ ہی ایشان کشن نے مزید جارحانہ انداز اپنا لیا اور چھکوں کی برسات کرتے ہوئے تمام بنگلہ دیشی بالرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا اور اگلی 18 گیندوں میں 50 رنز بنا کر 150 کا ہندسہ عبور کر لیا جس میں 8 چھکے شامل تھے۔بہار کے کرکٹر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ڈبل سنچری کا موقع نہ گنوایا اور 126 گیندوں پر 23 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے ڈبل سنچری بنا کر تیز ترین ڈبل سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے زمبابوے کے خلاف 138 گیندوں پر ڈبل سنچری سکور کی تھی۔