چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ کو آکسفورڈ یونین سوسائٹی نے مدعو کر لیا۔آکسفورڈ یونین سوسائٹی کے صدر چارلی میکنٹوش نے رمیز راجہ کو دعوت نامہ بھجوایا ہے۔ رمیز راجہ کو اگلے سال ہونے والی 200 سالہ تقریبات کے سلسلے میں مدعو کیا گیا ہے۔چارلی میکنٹوش نے اس حوالے سے کہا کہ مجھے ان تقریبات کیلئے دعوت دے کر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ہم اپنی تاریخ میں سابق امریکی صدور ، ملکہ الزبتھ دوئم اور دنیا کی نامور شخصیات کی میزبانی کر چکے ہیں، سیشن میں سوال جواب بھی ہوں گے اور مختلف موضوعات پر گفتگو ہو گی، ہمیں خوشی ہو گی کہ رمیز راجہ تاریخی لمحات کا حصہ بنیں۔
تقریبات 15 جنوری سے 11 مارچ 2023 تک جاری رہیں گی۔ رمیز راجہ کو اس دوران کسی بھی دن سیشن میں آکسفورڈ یونیورسٹی آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس سیشن کے دوران شرکاء پاکستان کرکٹ کے حوالے سے جانیں گے۔چارلی میکنٹوش کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے حوالے سے رمیز راجہ کی آواز اہمیت رکھتی ہے، پاکستان کو مضبوط ون ڈے ٹیم بنانے کیلئے رمیز راجہ کا چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے اہم کردار ہے، ہمیں رمیز راجہ کے خیالات اور مستقبل کے منصوبے جاننے کا موقع ملے گا۔