وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بین الا قومی معیار کے نوتعمیر شدہ حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کردیا‘اس موقع پر صوبائی وزراءخزانہ تیمور سلیم جھگڑا،ہائر ایجوکیشن کامران بنگش،سوشل ویلفیئر انور زیب،کھیل و یوتھ افیئرز عاطف خان،اراکین صوبائی اسمبلی،سیکرٹری سپورٹس کیپٹن (ر) مشتاق احمد پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل بختیار،ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل اکمل،ہیڈ نیسپاک سعد،ڈپٹی منیجر این ایل سی طلحہ ،ڈی جی سپورٹس خالد خان اور ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس شاہ فیصل اور کھلاڑیوں سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم ایک ارب روپے کی لاگت سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے زیر نگرانی ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا گیا،سٹیڈیم میں انٹر نیشنل سٹینڈرڈ کی تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں اب خیبر پختونخوا میں پی ایس ایل اور انٹر نیشنل میچز کا انعقاد ہوسکتا ہے یہ بات وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر نگرانی خیبر پختونخوا میں نہ صرف کرکٹ بلکہ دوسرے کھیلوں کی انٹرنیشنل سطح کی سہولیات بنائی گئی ہیں
خیبرپختونخوا وہ واحد صوبہ جس میں ہاکی کے فروغ کے لئے 15 سینتھیٹک ہاکی ٹرف مکمل کی جاچکی ہیں اس کیساتھ ساتھ سکواش کورٹس ٹینس کے لئے سینتھیٹک کورٹس،فٹ بال گراﺅنڈز،پندرہ پولو گراﺅنڈز، اتھلیٹکس ٹریکس، ہر ریجن میں خواتین کے لئے علیحدہ جمنازیم مکمل کئے جا چکی ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی 151 سپورٹس سہولیات شمالی وزیرستان سے لے کر چترال تک بنائی گئی ہیں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کسی بھی گیم کی نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں کاانعقاد کرسکتا ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ جب سپورٹس کے وزیر تھے
اس وقت سپورٹس کی گرانٹ 14 کروڑ تھی جبکہ موجودہ سال کی سپورٹس کی اے ڈی پی 6.1 بلین ہے۔انہوں نے اس موقع پر سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس اورگراﺅنڈ کی موجودہ دس ہزار تماشائیوں کی گنجائش کو ڈبل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ سٹیڈیم پاکستان کے خوبصورت ترین سٹیڈیمز میں سے ایک ہے جو تمام تر سہولیات سے آرستہ ہے، اس سٹیڈیم کی تکمیل سے صوبے میں انٹرنیشنل کرکٹ کے فرو غ میں بھرپور مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے لئے چار سو ملین کی گرانٹ مہیا کی جاچکی ہے اور جون کے مہینے میں ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم مکمل ہوجائے گا۔اس سے پہلے سیکرٹری سپورٹس کیپٹن(ر) مشتاق احمد نے سٹیڈیم کے بارے میں وزیر اعلیٰ محمود خان کو کرکٹ سٹیڈیم کے بارے میں بریفنگ دی ۔