بارہویں اینگرو ایس جی اے پریذیڈنٹ کپ کے پہلے دن صائم شازلی اور یشال شاہ سرِ فہرست

بارہویں اینگرو ایس جی اے پریذیڈنٹ کپ کا پہلا راؤنڈ جمعہ 23 دسمبر کو کراچی کے ڈی ایچ اے گولف کلب میں کھیلا گیا۔ پہلے دن کے اختتام پر ایمیچر کیٹگری میں کراچی گولف کلب کے صائم شازلی اور یشال شاہ 70 انڈر پار 2 کے مشترکہ اسکور کے ساتھ سرِفہرست ہیں۔ اسی کیٹگری میں ایم اے منان، ویوک آنند اور ارسلان مغل 74، اوور پار 2 کے اسکور کے ساتھ ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔ ویٹرن 70-75 سال عمر کیٹگری میں ڈی ایچ اے کے میجر رضوان فاروق پہلے نمبر جبکہ برگیڈیئر نوید ناصر دوسری پوزیشن پر ہیں۔ ویٹرن 75 سال سے زائد عمر کی کیٹگری میں کرنل شاہد محبوب اور گروپ کیپٹن آفتاب اے خان 41 کے مشترکہ اسکور کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔ اسی کیٹگری میں ڈاکٹر زبیر مرزا تیسرے نمبر پر ہیں۔

 

جونیئر انڈر 14 کیٹگری میں کراچی گولف کلب کے ولید بلال پہلی جبکہ نائل اورنگزیب دوسری پوزیشن حاصل کر پائے۔ پاکستان گولف فیڈریشن کے قوائد کے مطابق 54 ہول پر مشتمل مقابلے تین روز تک کھیلے جائیں گے۔ اتوار 25 دسمبر کو کھیلے جانے والے فائنل راؤنڈ میں اس سال کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔ ڈی ایچ اے گولف کلب کا سبزہ زار بہترین حالت میں ہے اور کراچی کا موسم کھیل کے لیے مناسب ہے۔ سندھ گولف ایسو سی ایشن کے صدر خرم خان نے کہا، "گولف جسمانی اور دماغی صحت کے لیے مفید کھیل ہے۔ گولف آپ کے سوچنے کے انداز کو تبدیل کردیتا ہے اور ہدف پر توجہ مرکوز کرنے میں مددگار ہے۔ سندھ گولف ایسو سی ایشن کی جانب سے میں اس چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان بھر سے آنے والے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔”

تعارف: newseditor