انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن ( آئی بی اے ) کے صدر عمر کریملیو نے کہا ہے کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اپنے پرچم تلے کھیلوں میں شرکت کی اجازت ملنی چاہیے۔آئی بی اے نے گزشتہ سال 24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی ) کی گائیڈلائنز کے خلاف گزشتہ اکتوبر میں روسی اور بیلاروسی باکسرز پر سے پابندی ہٹا دی تھی۔
کریملیو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ روسی اور بیلا روسی کھلاڑیوں کو مقابلوں میں شرکت کرنی چاہیے، ہمیں ایک بین الاقوامی ایسوسی ایشن کے طور پر ہر کھلاڑی کی حفاظت کرنی چاہیے، آئی او سی سفارشات دے سکتا ہے لیکن ان کا چارٹر واضح طور پر کہتا ہے کہ کھلاڑی کو سزا دینا یا اس کے حقوق کی خلاف ورزی کرنا ناممکن ہے۔کریملیو نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اس حوالے سے ایک واضح ضابطہ ہے، اگر کوئی بائیکاٹ یا اس جیسی کوئی چیز کا ارادہ رکھتا ہے تو اسے تادیبی کمیٹی کا سامنا کرنا پڑے گا
کھیلوں کے کسی اہلکار کو کھلاڑی کی ( ملک ) کی سرحدیں متعین کرنے کا حق نہیں ہے، اگر آپ جنگ کی مذمت کرتے ہیں تو آپ کھیلوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔خیال رہے کہ آئی بی اے نے کل 11 ممالک کے خلاف روسی اور بیلاروسی باکسرز کی شمولیت کی وجہ سے عالمی چیمپئن شپ کا بائیکاٹ کرنے پر تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے۔