بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مشہور آل راؤنڈر شکیب الحسن اکثر گراؤنڈ میں اپنی کارکردگی کے باعث خبروں میں رہتے ہیں تاہم اس مرتبہ گراؤنڈ کے باہر اپنے رویے کی وجہ سے وہ خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر موجود شکیب الحسن کو ایک تقریب کے دوران مداحوں نے گھیر لیا جس کے بعد وہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے۔
رپورٹس کے مطابق حال ہی میں شکیب الحسن بنگلادیش کے شہر چٹوگرام میں ایک ایونٹ میں شرکت کے لیے گئے تو وہاں ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مداحوں کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی۔اس موقع پر شکیب الحسن نے ایک شخص کو اپنی کیپ سے 3 مرتبہ مارا جس کے بعد انہیں وہاں سے روانہ کر دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق بھیڑ میں موجود ایک شخص نے شکیب الحسن کی کیپ اتارنے کی کوشش کی تھی جس پر کرکٹر کو غصہ آیا۔