پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل کی تاریخ بارش کے خطرے کے سبب تبدیل کردی گئی ہے اور اب لیگ کا فائنل اتوار کے بجائے ہفتے کے روز ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لیگ کے فائنل کی تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل پر بارش کا خطرہ منڈلا رہا ہے اور پی سی بی کے ساتھ ساتھ فرنچائزیں بھی فکرمند ہیں کہ فائنل کو بارش کی وجہ سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 19 مارچ بروز اتوار کو شیڈول فائنل میچ اب 18مارچ بروز ہفتہ کو کھیلا جائے گا اور پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ ہفتے کے روز ہونے والے فائنل میچ میں بھی استعمال ہو سکیں گے۔
کرک انفو کے مطابق پی سی بی نے یہ فیصلہ بارش کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا اور اتوار اور پیر کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔بارش کے پیش نظر اگر فائنل میچ ہفتے کے روز مکمل نہ ہو سکا تو اتوار اور پیر کے روز مکمل کیا جائے گا۔