تمام ایونٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیموں کی سلیکشن کی ہے . چیف سلیکٹر

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹیم کی سلیکشن میں بابر اعظم کے ساتھ مکمل مشاورت کی ہے۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ اگلے ایک سال میں تین بڑے ایونٹس شیڈول ہیں، میگا ایونٹ میں ایشیاکپ، ورلڈکپ اور 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہونا ہیں، اس کے مطابق کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے پاس وقت کم ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف ایک آدھے ہفتے میں فائنل ہو جائے گا، کوچنگ سٹاف مکمل ہونے کے بعد چیزیں مزید بہتر ہوجائیں گی

چیف سلیکٹر ہارون رشید  کا کہنا تھا کہ تمام ایونٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیموں کی سلیکشن کی ہے، حارث سہیل مڈل آرڈر میں اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں،

وہ ایشیا کنڈیشنز میں اچھا ثابت ہو سکتا ہے، اگر حارث سہیل فارم اور فٹ رہتے ہیں تو اس سے مڈل آرڈر کو سہارا ملے گا۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ شاداب خان بہت کم کرکٹ کھیلا ہے، ٹی 20کرکٹ میں دنیا کی تمام ٹیمیں تجربات کرتی ہیں، اس کو موقع دینا بنتا ہے،

نیوزی لینڈ کے خلاف اچھا مقابلہ ہوگا، ہمارے ہاں ہار جیت پر زیادہ ایشو ہوتے ہیں، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، کوئی بھی ٹیم ہارنے کے لیے میدان میں نہیں اترتی۔

error: Content is protected !!