بابراعظم نے کپتان کے عہدے سے استعفیٰ کیوں دیا ؟

 

بابراعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان کےعہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
…… …اصغرعلی مبارک….

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کےکپتان کےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے, سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی کپ میں بابر اعظم 9 میچوں میں صرف 320 رنز اسکور کر سکے ,

بابر اعظم نے کہا کہ مجھے آج بھی وہ لمحہ یاد ہے جب 2019 میں پاکستان کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مجھے کال موصول ہوئی تھی۔.

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سالوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے لیکن دنیائے کرکٹ میں پورے دل اور لگن سے پاکستان کے وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔

بابر اعظم نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں پہلے نمبر پر پہنچنا کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ تھا لیکن میں اس سفر کے دوران غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

سابق کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کال کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔ بابر نے قیادت کی ذمے داری سونپنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

استعفیٰ کے اعلان سے قبل بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات بھی کی تھی۔

ذکا اشرف نے آج ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور عبوری انتظامی کمیٹی کے دیگر ارکان سے بھی ملاقات کی۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے دوران قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے ساتھ ساتھ پہلے ہی مرحلے کے دوران باہر ہونے کے بعد بابر اعظم کو قیادت سے ہٹائے جانے کی افواہیں زیر گردش تھیں۔

عالمی کپ میں بابر کے انداز قیادت پر بھی کافی سوالات اٹھے جہاں وہ افغانستان، آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف میچوں میں کئی مواقع پر اہم فیصلے نہ لے سکے اور ان کی جانب سے باؤلنگ میں کی گئی تبدیلیاں بھی کافی حیران کن رہیں جبکہ ٹیم سلیکشن کے معاملے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم مینجمنٹ بالخصوص قیادت میں تبدیلی کے حوالے سے رپورٹس زیر گردش لگی تھیں اور بابر اعظم کو قیادت سے برطرف کیے جانے کی اطلاعات بھی تھیں لیکن مایہ ناز بلے باز نے خود ہی قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ اس ناکام مہم کے بعد قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل بھی چند دن قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں جبکہ ان سے قبل چیئرمین سلیکشن کمیشن کا استعفیٰ بھی بورڈ نے قبول کر لیا تھا۔

 

 

error: Content is protected !!