انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2023کے 13ویں ایدیشن کا فائنل میچ میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 19 نومبر (اتوار) کو نریندر مودی سٹیڈیم ،احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
دنوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ دن ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کو مایہ ناز بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم فاسٹ بائولر پیٹ کمنز کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
آسٹریلوی ٹیم آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے اور پانچ مرتبہ عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے جبکہ بھارتی ٹیم نے چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں کوالیفائی کیا اور وہ دو مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔
رواں ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم 10 میچز جیت کر ابھی تک ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلیا نے دس میچوں میں سے 8 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو نریندر مودی سٹیڈیم ،احمد آباد میں کھیلا جائے گا،
جہاں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کے بیٹھ کے میچ دیکھنے کی گنجائش موجود ہے۔