چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ

قذافی سٹیڈیم میں 100 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بیسمنٹ کا کام مکمل کرلیا گیا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھنے لگا، 100 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بیسمنٹ مکمل ہو گئی جبکہ انکلوژرز میں نئی نشستو ں کے لئے سٹرکچر اور کمروں میں ٹائلز کی تنصیب بھی شروع کردی گئی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور مرکزی بلڈنگ و انکلوژرز میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے مرکزی بلڈنگ اور آفس بلڈنگ کے جاری کاموں کا مشاہدہ کیا اور فلورز میں جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے خندق کے گرد گرل کو دیدہ زیب بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرل کی تنصیب سے شائقین کرکٹ کا میچ دیکھنے کا ویو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے فار اینڈ پر انکلوژرز میں نشستوں کی تعمیر کے لیے بنائے جانے والے سٹرکچر کا بھی معائنہ کیا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پراجیکٹ کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کے حکام کو ہدایات دیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، انشاء اللہ پراجیکٹ وقت پر مکمل ہو گا۔

تعارف: News Editor