آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی، سری لنکا کی جیت میں اہم کردار کوشل مینڈس کی جارحانہ بیٹنگ نے ادا کیا جنہوں نے 43 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکے کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے، آئرلینڈ کی جانب سے ہیری ٹیکر نے 45، پال سٹرلنگ نے 34 رنز سکور کئے، سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکاشاناکا اور ہاسارنگا نے دو دو جبکہ بینورا فرنینڈو، لہیرو کمارا ، چمیرا اور دھننجیا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پندرہ اوورز میں حاصل کرتے ہوئے میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا، کوشل مینڈس 68رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ دھننجیا ڈی سلووا نے 31 اور چیرتھ آسالانکا نے 31 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، آئرلینڈ کی جانب سے واحد وکٹ گیرتھ ڈینلے نے حاصل کی، کوشل مینڈس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔