قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں گرنے اور پھر گھٹنے میں تکلیف کی تفصیل بتائی ہے۔سوشل میڈیا پر شاہین کی قومی ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شاہین نے فائنل کے حوالے سے بات کی، کرکٹر نے کہا ‘جس وقت میں گرا مجھے لگا میرا گھٹنا کٹ گیا ہے، درد بہت زیادہ تھا، مجھ سے چلا بھی نہیں جا رہا تھا’۔شاہین نے کہا ‘حارث میرے ساتھ تھا، وہ کہہ رہا تھا بار بار کہ آجا جس پر میں نے کہا رکو مجھے دیکھنے تو دو، مجھے لگ رہا تھا کچھ اور مسئلہ ہوگیا ہے۔ فزیو آئے تو میں نے انہیں کہا ورلڈ کپ فائنل ہے، میرے دو اوورز باقی ہیں، میرا جانا ضروری ہے’۔کرکٹر نے کہا ‘فزیو نے مجھے کہا آپ نا جائیں سوجن بڑھ جائے گی، کوئی بڑا مسئلہ نا ہو جائے، میں نے جب اوور کی ایک گیند کرائی تو کپتان نے کہا نہیں اب آپ نہیں کروائیں اور واپس چلے جائیں’۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘میری ہمیشہ کوشش رہی ہے اور رہے گی کہ جب تک جان ہے، اس ٹیم پر قربان ہے’۔خیال رہے کہ گھٹنے کی تکلیف سے دوچار شاہین شاہ آفریدی کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ری ہیب جاری ہے، کرکٹر کا تین ہفتے قبل اپینڈکس کا آپریشن بھی ہوا تھا۔شاہین آفریدی کو گھٹنے کی تکلیف سے نجات کے لیے ری ہیب تجویز کیا گیا تھا۔اس حوالے سے فاسٹ بولر نے کہا کہ میں تین چار روز سے ری ہیب کر رہا ہوں اور اب بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، میں جم ٹریننگ کر رہا ہوں، سائیکلنگ بھی کرتا ہوں،کوشش ہے کہ جلد میدان میں واپسی ہو ۔شاہین نے مزید کہا کہ فینز سے کہوں گا کہ جس طرح راولپنڈی میں قومی ٹیم کو سپورٹ کیا اسی طرح ملتان میں بھی سپورٹ کریں۔