فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ پہنچنے والی مراکش کی ٹیم کے خلاف اب تک حریف ٹیموں کے گول کی تعداد جان کر مداح حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں مراکش نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی جس کے بعد مراکش ورلڈ کپ کی تاریخ میں سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور پہلی افریقی ٹیم بھی بن گئی ہے۔اس تاریخی جیت کے لیے مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے مراکش نے 5 میچ کھیلے جن میں سے صرف ایک میچ میں مخالف ٹیم اس کے خلاف گول کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔مراکش نے کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ میں پہلا گروپ میچ کھیلا تھا جس میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور یہ مقابلہ برابر ہوا تھا۔
دوسرے میچ میں مراکش نے بیلجیئم کو 0-2 سے ہرایا تھا، اس میچ میں یاسین بونو طبیعت کی خرابی کے باعث شریک نہیں تھے اور ان کی جگہ دوسرے گول کیپر نے ذمے داریاں نبھائی تھیں۔گروپ کے آخری اور اہم میچ میں مراکش نے کینیڈا کو 1-2 سے شکست دی تھی۔پری کوارٹر کے ناک آوٹ اور بڑے میچ میں مراکش اور اسپین کے درمیان فتح کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا جس میں مراکش نے 3 گول کیے جب کہ مخالف ٹیم کوئی گول نہیں کر سکی تھی۔کوارٹر فائنل میں مراکش نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دی، اس میچ میں بھی یاسن بونو نے کئی زبردست حملوں کو جو یقینی گول بن سکتے تھے، ناکام بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔